امریکا اور پرتگال کے اخراج کے بعد فیفا ورلڈ کپ کوارٹر فائنل ٹکٹ سستے، قیمتوں میں 50 فیصد تک کمی
امریکا اور پرتگال کے فیفا ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہونے کے بعد کوارٹر فائنل میچوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ ثانوی مارکیٹ میں کئی ٹکٹ نصف قیمت تک فروخت ہونے لگے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس میں جمعہ کو شیڈول کوارٹر فائنل کے سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت تقریباً 2 ہزار 950 ڈالر سے کم ہو کر ایک ہزار 200 ڈالر رہ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے بیلجیئم کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے اور اسپین کے ہاتھوں پرتگال کی شکست کے بعد ٹکٹوں کی طلب میں واضح کمی دیکھی گئی، جس کے باعث قیمتیں بھی گر گئیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور پرتگال کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے تو اس میچ کے ٹکٹوں کی طلب اور قیمتیں کہیں زیادہ ہوتیں۔
دوسری جانب فرانس اور مراکش کے درمیان کوارٹر فائنل اس مرحلے کا نسبتاً کم قیمت والا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ابتدائی ٹکٹ تقریباً 989 ڈالر میں دستیاب ہیں۔
ادھر 19 جولائی کو نیو جرسی میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت 9 ہزار 346 ڈالر تک پہنچ چکی ہے، تاہم فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے تعین کے بعد ان قیمتوں میں مزید ردوبدل متوقع ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران کوارٹر فائنل ٹکٹوں کی اوسط قیمت میں نمایاں کمی جبکہ فروخت کے لیے دستیاب ٹکٹوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ٹکٹوں کی طلب میں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






