آزاد کشمیر کے چند حلقوں میں الیکشن میں تاخیر؟ الیکشن کمیشن کی وضاحت آگئی

آزاد کشمیر انتخابات مؤخر ہونے کی افواہیں بے بنیاد، 27 جولائی کو ہی پولنگ ہوگی: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے بعض حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام 45 انتخابی حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو ہی ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سوشل میڈیا پر انتخابات میں تاخیر سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، جبکہ انتخابی عمل طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے تمام 45 انتخابی حلقوں کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جا چکی ہے، جبکہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیے گئے ہیں۔

بیان کے مطابق آزاد کشمیر کے 33 اور مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقوں سمیت تمام نشستوں پر پولنگ 27 جولائی کو ہی ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے تمام انتظامات شیڈول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ پونچھ سمیت بعض حلقوں میں انتخابات بعد میں کرانے سے متعلق خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری معلومات پر اعتماد کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close