کینیڈا میں مستقل رہائش کا سنہری موقع!

پاکستانیوں کے لیے کینیڈا میں مستقل رہائش کا موقع، فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام کے ذریعے درخواست کیسے دیں؟

کینیڈا میں مستقل رہائش حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہری فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام (FSWP) کے ذریعے ایکسپریس انٹری سسٹم کے تحت درخواست دے سکتے ہیں، جو ہنر مند افراد کو مستقل رہائش اور کام کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

اس پروگرام کے تحت درخواست گزار کسی مخصوص ملازمت کے لیے درخواست نہیں دیتے، بلکہ مستقل رہائش (Permanent Residence) کے حصول کے لیے اپنی دلچسپی کا اظہار (Expression of Interest) جمع کراتے ہیں، جس کے بعد ان کی درخواست کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

اہلیت کا معیار

درخواست گزار کے پاس گزشتہ 10 سال کے دوران کم از کم ایک سال کا مسلسل، فل ٹائم اور تنخواہ دار کام کا تجربہ، یا اس کے مساوی پارٹ ٹائم تجربہ ہونا ضروری ہے۔

امیدوار کا پیشہ نیشنل آکوپیشنل کلاسیفیکیشن (NOC) کی TEER 0، 1، 2 یا 3 کیٹیگریز میں شامل ہونا چاہیے۔

اس کے علاوہ FSWP سلیکشن گرڈ میں 100 میں سے کم از کم 67 پوائنٹس حاصل کرنا لازمی ہیں، جن کا تعین عمر، تعلیم، کام کے تجربے، پہلے سے طے شدہ ملازمت اور موافقت (Adaptability) سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

درخواست گزار کو انگریزی یا فرانسیسی زبان میں مہارت ثابت کرنے کے لیے تسلیم شدہ زبان ٹیسٹ میں چاروں مہارتوں (سننا، بولنا، پڑھنا اور لکھنا) میں کم از کم CLB 7 اسکور حاصل کرنا ہوگا۔

مزید برآں، امیدوار کو کینیڈا پہنچنے کے بعد اپنے اور اپنے اہلِ خانہ کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مناسب مالی وسائل (Settlement Funds) کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا، جبکہ میڈیکل معائنہ اور سیکیورٹی بیک گراؤنڈ چیک بھی لازمی ہوگا۔

درخواست دینے کا طریقہ

درخواست کا آغاز آن لائن ایکسپریس انٹری پروفائل بنانے سے ہوتا ہے، جس میں تعلیم، پیشہ ورانہ تجربہ اور دیگر متعلقہ معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

پروفائل جمع ہونے کے بعد امیدوار کمپری ہینسیو رینکنگ سسٹم (CRS) کے تحت امیدواروں کے پول میں شامل ہو جاتا ہے۔ کینیڈین حکومت وقتاً فوقتاً ڈرا کے ذریعے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والے امیدواروں کو درخواست دینے کی دعوت (ITA) جاری کرتی ہے۔

اگر کسی امیدوار کو ITA موصول ہو جائے تو اسے مستقل رہائش کے لیے مکمل دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواست جمع کرانے کے لیے 60 دن کا وقت دیا جاتا ہے۔

اس پروگرام، اہلیت، مطلوبہ پیشوں اور درخواست کے مکمل طریقہ کار سے متعلق تفصیلات کینیڈین حکومت کی متعلقہ ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close