کتے کا کاٹے سے رواں سال سے پہلی ہلاکت سامنے آ گئی

کراچی(آئی این پی)کراچی میں رواں سال ریبیز سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی، کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ملنے پر ایک اور بچے نے تڑپ تڑپ کر ماں کی آغوش میں دم توڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں وقت پر ویکسین نہ لگنے سے سگ گزیدگی کا شکار بچہ چل بسا، یہ درد ناک واقعہ محکمہ صحت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی کے علاقے ملیر کے رہائشی5سالہ بچے ساند کو3ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، زخمی پانچ سالہ ساند کو اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگی تھی۔محکمہ صحت کے مطابق کراچی شہرکے مختلف اسپتالوں میں روزانہ درجنوں کتے کے کاٹنے کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، گزشتہ سال کتے کے کاٹنے کے31ہزار کیسزرپورٹ ہوئے جس میں 4افراد جاں بحق ہوئے تھے،سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ اوراس کا علاج موجود ہونے کے باوجود ویکسین کا سندھ بھر سے غائب ہوجانا سراسر محکمہ صحت کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے جو انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گلی محلوں میں گھومنے والے آوارہ اور بیمار کتوں کو ہلاک کرنے کی مہم باقاعدہ اور منظم انداز میں چلائی جائے تاکہ سگ گزیدگی میں کمی واقع ہو۔۔۔۔

close