انتخابات کا وقت قریب، چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب حکومت کے اقدامات پر اپنی رائے دے دی

لاہور( آئی این پی)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ انتخابات کا وقت قریب ،انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، پنجاب حکومت کے اقدامات سے مطمئن ہیں ۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت عام انتخابات سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں صوبوں کے ممبران اور پنجاب کابینہ کے اراکین نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس کے دوران عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے دوران نگران پنجاب حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ساتھ کوارڈی نیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ عام انتخابات کاوقت قریب ہے اور انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانا ہے، نگران حکومت کو صاف اور شفاف انتخابات کیلئے سپورٹ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔الیکشن کمیشن شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے تیار ہے اور پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مطمئن ہے۔اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نے کہا کہ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا اور انتخابات کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

close