ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے چوہدری شجاعت کی سیاست کی پیروی کرنے کا مشورہ دے دیا گیا

لاہور( آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان نے کہا ہے کہ اگر ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنا ہے تو سیاسی جماعتوں کی قیادت کو چوہدری شجاعت حسین کی رواداری ، افہام و تفہیم اور مشاورت کی سیاست کی پیروی کرنا ہو گی ،چوہدری محمد سرور اور چوہدری شافع حسین پارٹی کو فعال کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اورانہوں نے پارٹی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ، اوورسیز پاکستانیوںسے اپیل ہے کہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کیلئے عملی پیشرفت کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے برطانیہ کے دورہ کے دوران پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں اورمختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی بجائے ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے ، چوہدری شجاعت حسین کی رواداری ،افہام و تفہیم اور مشاورت کی سیاست پاکستان مسلم لیگ کی قابل فخر پہچان ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک آج جس دورائے پر کھڑا ہے ایسے میں کوئی جماعت تنہا حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتی بلکہ اس کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، پاک فوج کے سربراہ کی جانب سے معیشت کی بحالی کیلئے جس طرح کردار ادا کیا گیا ہے وہ قابل ستائش ہے ، ہم سب کی یہی سوچ ہونی چاہیے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں کیونکہ ہماری شناخت ہی پاکستان ہے اور اس کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

close