چیئرمین پی ٹی آئی نے ہر گندا کام خود کیا، تہمت لوگوں پر لگاتا تھا، سعد رفیق کی الزام تراشی

اٹک (آئی این پی )مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہر گندا کام خود کیا تہمت لوگوں پر لگاتا تھا ۔ اٹک میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کو 12 سال جلاوطنی اور ساڑھے 4 سال قید کاٹنا پڑی، 24 سال پہلے مشرف اور اس کے ساتھیوں نے منتخب نمائندوں کے حق پر ڈاکا ڈالا۔ قوم کے بیٹوں کو ڈالر کے عوض بیچا گیا، لال مسجد پرحملہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیا تبدیلی لائیں گے جو اپنے لیڈر کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن جاتے ہیں،سیاسی کارکن کی ہڈی تو بڑی مضبوط ہوتی ہے،پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں۔ میرے والد کو پی پی پی کے دور میں شہید کیا گیا۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ میری والدہ مشرف کے دور میں فوت ہوئیں۔ ہم نے کسی ہائوس پر حملہ نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہر گندا کام خود کیا تہمت لوگوں پر لگاتا تھا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پہلے سیاست اور اخلاقیات سیکھو پھر بات کریں گے۔ اب تم سے الیکشن میں بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی پر ہو یا نہ ہو نواز شریف اب اقتدار سے اوپر ہوچکا ہے۔

close