سابق چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک امجد نون کیخلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج، تحقیقات کا آغاز

لاہور (آئی این پی) سابق چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک امجد نون کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق الزام ہے کہ ملک امجد نون نے ایل ڈبلیو ایم سی میں اپنے کار خاص اظہر حیات کو جعلی تعلیمی ڈگری اور جعلی تجربہ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر مینیجر پروکیورمنٹ تعینات کیا۔

سابق چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ملک امجد نون اور اظہر حیات نے مل کر مالی مفادات کیلئے کوڑا کرکٹ اور صفائی کے سامان کی خریداری میں سرکاری خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا۔ ملک امجد نون نے بطور چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایمرجنسی کی شق کا غلط استعمال کیا اور صفائی کے آلات اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے انتظامات کے ٹھیکہ کی مد میں قومی خزانے کو 63 کروڑ 10 لاکھ کا نقصان پہنچایا۔اینٹی کرپشن پنجاب کی تحقیقات میں ثابت ہوا کہ امجد نون نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

close