حکومت کا بجلی بنانے والے کارخانوں کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان، گیس کس کو دی جائے گی؟

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے آئی پی پیز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کی گیس بند کر کے صارفین کو دی جائے گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ جلد ہی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، معاشی ترقی کیلئے توانائی ضروری ہے، پاکستان میں ریفائنری لگانے کیلیے آج فیصلہ کرلیا گیا، بجلی بنانے والے کارخانوں سے گیس واپس لے لی گئی ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ 50 ملین کیوبک فٹ گیس غریب گھرانوں کو فراہم کی جائے گی، گیس استعمال کرکے مہنگی بجلی بیچنے والوں سے گیس لے لی گئی ہے، کچھ لوگوں کی اجارہ داری ختم کردی گئی ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے روس سے تیل درآمد کا صرف ڈھنڈورا پیٹا، روس سے تیل کے حصول کو موجودہ حکومت نے ممکن بنایا، وزیراعظم نے 10 سے 14 ارب ڈالر کی ریفائنری کے قیام کا اعلان کیا، امیروں سے سستی گیس واپس لے کر عوام کو فراہم کی جائیگی۔مصدق ملک نے مزید کہا کہ ایل پی جی، ایل این جی اور سولر کے ذریعے توانائی کی فراہمی کیلئے پالیسی بنائی گئی، فیصلے سے عوام کو سہولت فراہم ہوگی، آج کچھ لوگوں کی اجارہ داری کو ختم کردیا گیا، ہمیں توانائی کے ذرائع کو ذمے داری سے استعمال میں لانا ہوگا۔

close