وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے بیوٹی فیکیشن کے بعد جہلم مرکزی بازار کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی و پارٹی شخصیات، تاجر نمائندوں، چیمبر آف کامرس کے عہدیداران، دکانداروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بلال اظہر کیانی نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کے بعد خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاریخی بازار کو نئی شکل دینے کے ساتھ سیوریج اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق بیوٹی فیکیشن کے بعد بازار کو توسیع دی گئی ہے، جس سے خواتین، بچوں اور بزرگوں کو پیدل چلنے میں سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکانوں کی نیلامی کے دوران مقامی دکانداروں کے حقوق اور جائز مفادات کا تحفظ یقینی بنایا گیا، جبکہ انجمن تاجران، جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور انتظامیہ کی مشاورت سے شہریوں اور تاجروں کے مسائل حل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ جہلم، دینہ اور سوہاوہ میں ماڈل بازاروں کی تعمیر و بہتری کا عمل جاری ہے اور کھلی کچہریوں کے ذریعے بھی شہریوں کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تعمیر اور عوامی خدمت کی ضرورت ہے، جبکہ ان کے بقول انتشار اور احتجاج کی سیاست کو عوام مسترد کرچکے ہیں۔ قبل ازیں بلال اظہر کیانی نے مرکزی بازار کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔






