دہشتگردی کے خلاف ایک ملک میں دو پالیسیاں نہیں چل سکتیں: وفاقی وزرا

*دہشتگردی کے خلاف ایک ملک میں دو پالیسیاں نہیں چل سکتیں: وفاقی وزرا*

 

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا نفاذ آئین کے تحت کیا گیا ہے۔

 

منگل کو اسلام آباد میں غیر ملکی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزرا نے کہا کہ صدر نے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت وزیراعظم کے مشورے پر ایمرجنسی نافذ کی، آئین میں غیر معمولی حالات سے نمٹنے کا طریقہ کار موجود ہے۔ یہ اقدام کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ بڑھتی دہشتگردی کے پیش نظر کیا گیا۔

 

وزیر قانون کے مطابق کے پی میں 2021 سے 2024 تک دہشتگردی کے 2911 واقعات ریکارڈ ہوئے جو بعد میں بڑھ کر تقریباً 8600 ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس، مسلح افواج، وفاقی ادارے اور عام شہری نشانہ بن رہے ہیں، اس لیے وفاق اور صوبے میں مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ وفاق نے پی ٹی آئی سمیت سیاسی جماعتوں سے مشترکہ پالیسی پر اتفاق رائے کی کوشش کی، اسپیکر قومی اسمبلی کی سہولت سے کمیٹی بھی بنی، کچھ امور پر پیش رفت ہوئی لیکن حتمی اتفاق نہ ہو سکا۔

 

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاق کا مقصد پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی کارروائی نہیں بلکہ قومی حکمت عملی بنانا تھا۔ وفاق افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، جبکہ کے پی حکومت کا افغانستان سے متعلق مؤقف وفاق سے مختلف رہا۔

 

ان کے مطابق 2025 میں کے پی میں دہشتگردی کے 3774 اور ستمبر 2026 تک 2857 واقعات رپورٹ ہوئے، 2025 میں 3512 اور 2026 میں ستمبر تک 2775 ہلاکتیں ہوئیں۔ مارچ 2024 سے ستمبر 2026 تک پولیس پر حملوں میں 168 فیصد اضافہ ہوا۔

 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2010 سے اب تک کے پی کو این ایف سی کے تحت تقریباً 800 ارب روپے ملے، لیکن سی ٹی ڈی، سیف سٹی، فرانزک لیب اور پولیس کے جدید آلات پر خاطر خواہ کام نہیں ہوا۔

 

انہوں نے بتایا کہ 12 اضلاع کے لیے نیا مشاورتی و ترقیاتی ڈھانچہ “ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل” بنایا جائے گا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری یحییٰ اخونزادہ ایڈمنسٹریٹر ہوں گے۔ کونسل میں سابق چیئرمین ایف بی آر، سابق سیکرٹری خزانہ پنجاب، سپریم کورٹ وکیل امیر جاوید، ڈاکٹر سید امیر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر اور ایم این اے ثمر ہارون بلور سمیت دیگر شامل ہوں گے۔