پاکستانیوں کے لئے ایک اور ملک میں ویزا فری انٹری کا معاہدہ ! بڑی پیش رفت سامنے آگئی

اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایتھوپیا کے سفیر عمر حسین اوبا کی ملاقات میں سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ معاہدے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

 

ملاقات میں سیکرٹری تجارت جواد پال اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر تجارت نے زور دیا کہ پاکستانی ادویہ ساز کمپنیوں کو ایتھوپیا کی منڈی تک رسائی دی جائے اور ادویات کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں، پاکستان کی فارماسیوٹیکل صنعت افریقی منڈیوں میں برآمدات کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

 

ایتھوپین سفیر نے بتایا کہ رجسٹریشن کے زیر التوا معاملات متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائے ہیں اور حل کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

 

سیکرٹری تجارت نے ایتھوپیا کی تکنیکی ٹیم کا دورہ پاکستان جلد یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ پاکستانی کمپنیوں کا جائزہ لیا جا سکے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنے، روابط بڑھانے اور عالمی تجارتی تنظیم میں ایتھوپیا کی شمولیت پر بھی گفتگو ہوئی۔