پنشن کا اہل ہونے کیلیے کم از کم کتنی مدت ملازمت درکار؟ عدالت کا بڑا فیصلہ

وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی پنشن کے حصول کے لیے کم از کم 15 سال کی شراکت کو لازمی قرار دیتے ہوئے سابق بینک ملازم کے حق میں جاری احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

 چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ای او بی آئی کی اپیل منظور کی۔ بینچ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی بھی شامل تھے۔ عدالت نے 12 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

مقدمہ سابق بینک ملازم جاوید اقبال بھٹی کی پنشن سے متعلق تھا، جن کی ملازمت 5 سال، 10 ماہ اور 8 دن رہی۔ انہیں 2015 میں 48 ہزار روپے کی اولڈ ایج گرانٹ دی گئی تھی، تاہم بعد میں وفاقی محتسب نے انہیں پنشن دینے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے قرار دیا کہ پنشن کی اہلیت کے لیے قانونی تقاضے پورے کرنا ضروری ہیں اور وفاقی محتسب مقررہ قانونی طریقہ کار کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔ یکم جولائی 2008 سے بیمہ شدہ ہونے کے باعث درخواست گزار پانچ سال کی خصوصی رعایت کا اہل بھی نہیں تھا، جبکہ پہلے ملنے والی اولڈ ایج گرانٹ سے پنشن کا حق پیدا نہیں ہوتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذاتِ خود بدانتظامی نہیں۔ پنشن کی اہلیت اور فوائد کا تعین ای او بی آئی قانون کے تحت ہوگا، جس میں نظرثانی اور اپیل کا طریقہ کار بھی موجود ہے۔ عدالت کے مطابق دائرہ اختیار کے بغیر جاری کیا گیا حکم بعد کی توثیق سے بھی قانونی حیثیت حاصل نہیں کر سکتا۔