پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے والوں کیلیے اہم خبر

*پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے نادرا کی ہدایات جاری*

نادرا نے پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔

نادرا کے مطابق اگر عمر 18 سال ہو گئی ہے اور والدین یا بہن بھائی نادرا میں رجسٹرڈ یا دستیاب نہیں تو درخواست سے پہلے ضروری دستاویزات اور تصدیق کے تقاضے مکمل کر لیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ یا شہریت یا نیچرلائزیشن سرٹیفکیٹ ہمراہ لائیں، 18 سال سے زائد عمر کے شناختی کارڈ کے حامل دو افراد بطور بائیومیٹرک گواہ درکار ہوں گے۔

گواہوں میں پہلی ترجیح والد یا والدہ کی طرف کے رشتہ داروں کو دی جاتی ہے، عدم دستیابی پر اسی علاقے کا ایسا فرد گواہ بن سکتا ہے جس کے پاس شناختی کارڈ یا نائکوپ ہو اور جو درخواست گزار کو ذاتی طور پر جانتا ہو۔

نادرا کا کہنا ہے کہ مقررہ فارمیٹ کے مطابق اقرار نامہ B بھی فراہم کرنا ہوگا اور درخواست فارم کی تصدیق ضابطہ 9 کے مطابق مجاز شخص سے کرانا ضروری ہے، شناخت یا خاندانی تعلق سے متعلق کوئی اضافی دستاویز ہو تو ساتھ رکھیں اور قریبی نادرا سینٹر تشریف لائیں۔