نئے مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کی قرض پالیسی جاری

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے سالانہ قرض پلان جاری کر دیا۔

 

وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی حکومت کی مجموعی فنانسنگ ضروریات کا تخمینہ 28 ہزار 647 ارب روپے لگایا گیا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال یہ تخمینہ 27 ہزار 601 ارب روپے تھا۔

 

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے دوران قرضوں کی ادائیگی کے لیے فنانسنگ کا تخمینہ 21 ہزار 627 ارب روپے ہے، جس میں 17 ہزار 96 ارب روپے مقامی اور 4 ہزار 531 ارب روپے بیرونی ادائیگی کا تخمینہ شامل ہے۔

 

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال بجٹ خسارے کی فنانسنگ کا تخمینہ 7 ہزار 20 ارب روپے ہے، اور فنانسنگ ضروریات کو کم کرنا ڈیٹ مینجمنٹ کا ایک اہم پہلو ہے۔