بجلی چوری کی مد میں ڈی ٹیکشن بل چارج کرنے کے قوانین میں ترمیم کی تجویز سامنے آگئی۔
دستاویزات کے مطابق بجلی چوروں کو ڈی ٹیکشن بل چارج کرنے کا دورانیہ 6 ماہ سے بڑھا کر 12 ماہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ لوڈ کی بنیاد پر کمرشل، انڈسٹریل، ٹیوب ویل سمیت دیگر کیٹیگریز کے صارفین کو 12 ماہ جبکہ گھریلو صارفین کو زیادہ سے زیادہ 6 ماہ کا ڈی ٹیکشن بل چارج کیا جائے گا۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ جعلی یا بوگس میٹر کے استعمال، میٹر کے لوڈ پروفائل کو فریز یا تبدیل کرنے، سافٹ ویئر کے ذریعے بلنگ میٹر میں ردوبدل، ڈیوائس سے میٹر ریڈنگ کو الٹنے یا تبدیل کرنے اور بلنگ میٹر کی سکیورٹی توڑنے سمیت دیگر صورتوں میں لوڈ کی بنیاد پر ڈی ٹیکشن بل چارج ہوگا۔
مجوزہ ترامیم پر عملدرآمد نیپرا کی جانب سے کسٹمر سروسز مینوئل میں ترمیم کی منظوری کے بعد ہوگا۔






