*پنشنرز کے لیے خوشخبری، نادرا نے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ متعارف کرا دیا*
ریٹائرمنٹ کے بعد پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد بینک جا کر زندہ ہونے کا ثبوت دینا پڑتا تھا، لیکن اب نادرا نے یہ مشکل آسان کر دی ہے۔
نادرا نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے جس سے بزرگ، بیمار یا معذور افراد کو گھر بیٹھے یہ سہولت ملے گی۔
نادرا ترجمان شباہت علی کے مطابق یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ، نادرا رجسٹریشن مراکز، یونین کونسلز، ای سہولت فرنچائزز اور نادرا موبائل سروسز کے ذریعے ملک بھر میں دستیاب ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ موبائل ایپ کے ذریعے درخواست الیکٹرانک طریقے سے متعلقہ پنشن جاری کرنے والے ادارے تک پہنچ جائے گی اور اس کے بعد پنشن کی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیجیٹل نظام کا مقصد پنشن کے حصول کو کاغذی کارروائی سے نکال کر تیز اور آسان بنانا ہے۔






