*وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد؟ شیر افضل مروت نے تصدیق کر دی*
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پر عدم اعتماد کی تلوار کے حوالے سے شیر افضل مروت نے اے آر وائی نیوز کی خبر کی تصدیق کر دی۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے پیغام دیا تھا کہ اسلام آباد مارچ شاید سہیل آفریدی کی صلاحیت سے زیادہ ہے اور انہیں وزارت اعلیٰ سے اسٹیپ ڈاؤن کرنا چاہیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی سے متعلق بانی کے پیغامات کی بشریٰ بی بی کی فیملی اور نورین نیازی نے بھی تصدیق کی۔ بانی نے نورین نیازی سے اس معاملے پر مزید گفتگو کی جس دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں اور بانی نے سہیل آفریدی، سلمان اکرم راجہ اور دو دیگر افراد پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
شیر افضل مروت کے مطابق نورین نیازی نے بانی کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے سہیل آفریدی کو ناکام بنانے کے لیے پریشر گروپ بنا رکھا ہے اور تقریباً 35 ارکان اسمبلی بغاوت پر ہیں، جن کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کچھ نہیں کر پا رہے۔ بانی نے اس مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کی حکومت ٹھہرنے والی نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر سہیل آفریدی مارچ نہ کر سکے تو بھی بانی کی طرف سے کوئی معافی نہیں ہوگی۔
یاد رہے اے آر وائی نیوز نے 27 ستمبر کو رپورٹ کیا تھا کہ مارچ نہ لانے پر سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد لانے کا پیغام دیا گیا۔ تاہم بیرسٹر گوہر اور عمران خان کے اہلخانہ نے سہیل آفریدی کو ہٹانے سے متعلق دعوؤں کی تردید کی ہے۔






