بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری، 71 سے زائد دہشتگرد مارے گئے

*آپریشن شعبان میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک*

 

پاک فوج کے آپریشن شعبان میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے کوئٹہ کے علاقے شابان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جس پر 21 ستمبر کو زیارت اور گردونواح میں آپریشن شروع کیا گیا۔

 

آپریشن کے دوران متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 33 بھارت حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

 

گزشتہ 72 گھنٹوں میں آپریشن میں تیزی لائی گئی جس میں مزید 23 دہشتگرد مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے وسیع علاقہ کلیئر کرا کر مقامی آبادی کو خطرے سے نجات دلائی۔

 

25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں ایک اور آپریشن میں 11 دہشتگرد جبکہ مند کے علاقے میں 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زائد دہشتگردوں کی ہلاکت سے بھارت کے حمایت یافتہ افغان آلہ کاروں کو کاری ضرب لگی ہے اور عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم جاری رہے گی۔