اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو کیمروں سے کور کریں گے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے تین ڈیم 3،4 سال میں بنیں گے۔
اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ منفی سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ حالات صرف ایک چیز سے بدل سکتے ہیں کہ ووٹ دیتے ہوئے اللہ کو حاضر ناظر جان کر کاسٹ کریں اور ووٹ دیتے وقت دیکھیں کہ کام کس کے بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بزنس مین اپنے کاروبار میں منیجر رکھتے ہوئے بڑی چھان بین کرتے ہیں، ووٹ دیتے وقت کسی کی برادری، گاڑی یا ہینڈسم لگنا چھوڑ دیں۔
وفاقی دارالحکومت کے نظام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لیے اپنا نظام یہاں کے باسیوں کا حق ہے۔ ہر وہ خرابی اسلام آباد میں ہے جو کسی بھی غیر مربوط شہر میں ہوتی ہے۔ 1100 ارب کی زمین ہم نے اسلام آباد میں واگزار کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا ایک ایک انچ کیمروں سے کور ہوگا۔ اسلام آباد پولیس میں 70 فیصد فورس 55 سال سے زائد عمر کے ہیں، 10 ہزار نئے اہلکار بھرتی کیے جائیں گے اور ایک بھی بندہ بغیر میرٹ کے نہیں ہوگا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں 50 فیصد پانی کی کمی ہے، تاہم اسلام آباد کے لیے تین ڈیم تین، چار سال میں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کوڑا اٹھانے کا کوئی نظام نہیں، کوڑا اٹھانے کے لیے بین الاقوامی معیار کا نظام لائیں گے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ میٹرو بس سروس میں ایک روز جتنے لوگ سفر کرتے ہیں اتنے بھی اسلام آباد سے ووٹ نہیں ملتے۔ ایک صوبے کی حکومت 1122 کی گاڑیاں، ایمبولینسز لے کر وفاق کی طرف آتے ہیں۔






