حافظ نعیم الرحمٰن کا مریم نواز کے اثاثہ جات کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اثاثہ جات کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کر دیا۔

 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا مریم نواز بتائیں 2 کروڑ 72 لاکھ روپے کہاں سے آئے اور کتنا ٹیکس ادا کیا گیا۔

 

حافظ نعیم نے کہا جماعت اسلامی کی کامیابی ہے کہ آج عوام کو بھتے اور لیوی کا پتہ چل گیا، حکومت کے ساتھ چھ ادوار مذاکرات ہوچکے اور لیوی ختم کرنے کا طریقہ بتا دیا ہے۔ حکومت کے پاس آئی ایم ایف اور اسٹیٹ بینک کے بہانوں کے علاوہ کچھ نہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں لیوی کی کوئی لازمی شرط نہیں، اس نے صرف زیادہ ٹیکس جمع کرنے کا کہا ہے۔

 

انہوں نے کہا ایف بی آر میں 1300 ارب کی کرپشن ہوئی، آئی ایم ایف نے بڑے جاگیرداروں سے ٹیکس نہ لینے کا نہیں کہا۔ ایک سیکریٹری نے آئی ایم ایف معاہدے میں لیوی شرط نہ ہونے کی بات کی تو اسے خاموش کرا دیا گیا۔ شرح سود کم کرنے سے مہنگائی بڑھنے کا حکومتی موقف غلط ہے۔

 

انہوں نے کہا ایس سی او اجلاس کے لیے نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، گاڑیوں سے سمٹ کامیاب نہیں ہوتے۔ وزیراعظم نے لانگ مارچ ملتوی کرنے کا کہا تھا لیکن لانگ مارچ نہ ملتوی ہوگا نہ ختم، صرف وقفہ کیا ہے۔ دھرنے جاری ہیں، ریلیف پیکیج ملا تو احتجاج ختم، ورنہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں لانگ مارچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں روکا گیا۔