پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی، اطلاق 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک ہوگا۔
محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور ریلیوں پر پابندی ہوگی۔ عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور نمائش پر بھی پابندی ہوگی، غیر قانونی اجتماعات کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
تاہم شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و عبادت گاہیں، عدالتیں، سرکاری ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات مستثنیٰ ہوں گی۔ ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سکیورٹی اہلکار بھی مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسیوں نے فوری نوعیت کے خطرات سے آگاہ کیا ہے، اطلاعات ہیں دہشت گرد تنظیمیں عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں، جلسے جلوس اور دھرنے آسان ہدف بن سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔






