پی ٹی آئی مارچ: پنجاب کے چار شہروں میں فوج اور رینجرز کی خدمات طلب

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے وفاق کو فوج اور رینجرز تعیناتی کے لیے خط لکھ دیا۔

 

محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی، میانوالی، اٹک اور جہلم میں 5 اکتوبر تک فورسز کی خدمات مانگی ہیں۔

 

دوسری جانب اسلام آباد اور کے پی کو ملانے والی شاہراہیں بند کر دی گئیں۔ موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ تک، ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک، جی ٹی روڈ اٹک خورد، ای 35 ہزارہ انٹرلنک، کوہاٹ روڈ خوشحال گڑھ اور ایبٹ آباد حسن ابدال روڈ جھاری کس سے بند ہے۔

 

وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو تقریباً 1200 کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا ہے، بعض مقامات پر دوہری تہہ بھی لگائی گئی۔ ترنول، سنگجانی، 26 نمبر چنگی، سری نگر ہائی وے، ٹی چوک، فیض آباد اور بہارہ کہو پر بھی ناکہ بندی ہے۔

 

اسلام آباد میں 22 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، جن میں 8 ڈی آئی جیز، 10 ایس ایس پیز سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔ پنجاب اور سندھ سے 13 ہزار سے زائد اضافی نفری بھی طلب کی گئی ہے۔ 15 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی اور ڈرونز سے نگرانی جاری ہے۔