ایشیائی ترقیاتی بینک نے ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔

 

اے ڈی بی نے پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2027 میں اوسط مہنگائی بڑھ کر 8.3 فیصد رہنے کی توقع ہے جو مرکزی بینک کے 5 سے 7 فیصد ہدف سے زیادہ ہے۔ مالی سال 2026 میں اوسط مہنگائی 7.1 فیصد اور 2025 میں 4.5 فیصد رہی۔

 

رپورٹ کے مطابق رواں سال کی دوسری ششماہی میں غذائی اشیا اور عالمی سطح پر تیل کی بلند قیمتوں سے مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہوا۔ توانائی، نقل و حمل اور زرعی اجناس کی بلند قیمتیں ملکی قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھ سکتی ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں تنازع کی شدت سے توانائی کی درآمدی لاگت بڑھ سکتی ہے۔ خلیجی معیشتوں کی لیبر مارکیٹس اور ترسیلات زر بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔

 

اے ڈی بی کے مطابق مالی سال 2026 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہی جو 2025 میں 3.2 فیصد تھی، اور 2027 میں بھی 3.7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ اقتصادی اصلاحات پر عملدرآمد اور بیرونی مالیاتی بفرز میں بہتری آئی ہے جبکہ عالمی کیپیٹل مارکیٹوں تک دوبارہ رسائی سے معاشی بہتری متوقع ہے۔

 

رپورٹ میں کہا گیا کہ کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو سہارا ملے گا، تاہم توانائی کی بلند قیمتیں اور بیرونی غیر یقینی صورتحال نمو میں تیزی کو محدود کر سکتی ہے۔

 

نمو کو مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں توسیع سے مدد ملی جبکہ سیلاب سے بڑی فصلوں کو نقصان کے باوجود زراعت میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا۔ کم شرح سود اور کاروباری اعتماد میں بہتری سے نجی سرمایہ کاری میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔