سیکیورٹی ہائی الرٹ ، 45 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

پی ٹی آئی کسان مارچ کے پیش نظر راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔

 

انتظامیہ نے 45 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں، جن میں راولپنڈی کے لیے 15 ہزار اور اٹک کے لیے 30 ہزار سے زائد اہلکار شامل ہیں۔

 

حکام کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے، راستوں کی بندش روکنے اور سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ قانون ہاتھ میں لینے، راستے بلاک کرنے یا دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر فوری گرفتاری اور مقدمات درج ہوں گے۔

 

فیض آباد، ٹی چوک، جی ٹی روڈ روات، گوجر خان، ٹیکسلا اور مارگلہ چیک پوسٹ سمیت جڑواں شہروں کے تمام اہم راستوں پر خصوصی ناکے لگائے جا رہے ہیں۔

 

اجلاس میں تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل جاری رکھنے اور کاروباری مراکز کے تحفظ کے لیے بھی اقدامات طے کیے گئے، جبکہ سوشل میڈیا پر منافرت اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔