ملاوٹ شدہ ڈیزل، پیپلز بس سروس سڑکوں سے غائب

کراچی: شہر قائد میں پیپلز بس سروس کی بسوں کے اچانک سڑکوں سے غائب ہونے اور مسافروں کو درپیش مشکلات کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بسوں میں پانی ملا ڈیزل ڈالنے کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں خراب ہوچکی ہیں، جن میں سے بڑی تعداد انجن فیل ہونے کے باعث روٹس سے مکمل طور پر غائب ہوگئی ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایک نجی ٹھیکیدار کی جانب سے اپنے ذاتی پٹرول پمپ سے ڈیزل فراہم کیا جا رہا تھا، جس کے معیار خراب ہونے کے باعث بسوں کے انجن ناکارہ ہوگئے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سنگین غفلت کے نتیجے میں خراب ہونے والی تمام بسوں کو فوری طور پر مرمت کے لیے متعلقہ ڈپو پر کھڑا کردیا گیا ہے۔ بسوں کی اچانک کمی اور روٹس سے غائب ہونے کے باعث ٹاور سے گلشن حدید جانے والے انتہائی اہم روٹ پر ہی 11 سے زائد پیپلز بسیں خراب ہوچکی ہیں۔

اس صورتحال نے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے حصول کے لیے ایک ایک گھنٹے تک طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

عوامی حلقوں اور روزانہ سفر کرنے والے مسافروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلز بس سروس کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے، ناقص ڈیزل فراہم کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور خراب بسوں کی جلد از جلد مرمت کرکے انہیں روٹس پر بحال کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔