نادرا نے پیدائش سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ بنوانے کی خصوصی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے شرائط اور طریقہ کار جاری کر دیا۔ یہ سہولت 31 دسمبر 2026 تک فراہم کی گئی ہے، خاص طور پر غیر رجسٹرڈ خواتین اور مردوں کے لیے۔
*شادی شدہ خواتین:*
18 سال سے زائد وہ خواتین جن کے پاس یونین کونسل کا کمپیوٹرائزڈ نکاح نامہ ہو اور والدین میں سے ایک اور شوہر کا شناختی کارڈ یا نائکوپ بنا ہو۔ خاتون کو نکاح نامے اور بائیومیٹرک تصدیق کے لیے شوہر اور والد یا والدہ میں سے ایک کے ساتھ نادرا سینٹر جانا ہوگا۔ اگر والد، والدہ یا شوہر فوت ہو چکے ہیں لیکن ریکارڈ نادرا میں موجود ہے تو سادہ سوالات کے تسلی بخش جوابات پر درخواست جمع ہو جائے گی۔
*غیر شادی شدہ خواتین:*
18 سال سے زائد غیر شادی شدہ خواتین کے لیے شوہر سے متعلق شرائط لاگو نہیں، صرف والدین کے کوائف اور بائیومیٹرک تصدیق دینا ہوگی۔
*24 سال سے زائد مرد:*
ایسے مرد جن کا ابھی تک کارڈ نہیں بنا، اگر والدین اور کسی ایک بہن یا بھائی کا کارڈ یا نائکوپ بنا ہو تو وہ بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ والد یا والدہ کے ہمراہ آنا ہوگا، والدین فوت شدہ ہوں تو بھائی یا بہن کے ہمراہ درخواست جمع ہوگی۔
نادرا کے مطابق اس سہولت سے بننے والے کارڈ پر والدین کی تفصیلات، تاریخ پیدائش اور جائے پیدائش کا اندراج تاحیات تبدیل نہیں ہوگا۔






