ایم کیو ایم قیادت کی زبان ناقابل برداشت ہے، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم قیادت جو زبان استعمال کر رہی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم قیادت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم فساد اور فتنے کو ہوا دے کر نفرت کے بیج بونا چاہتی ہے، ان کی یہ سازش ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت جو زبان استعمال کر رہی ہے، وہ ناقابل برداشت ہے۔ حکومت کو مصنوعی کہنے والی ایم کیو ایم پہلے اپنا مینڈیٹ ثابت کردے۔

سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم افراتفری اور 90 کی دہائی کی سیاست چاہتی ہے۔ بھتہ خوری، بوری بند لاشیں، اغوا برائے تاوان اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ایم کیو ایم نے دی۔ سندھ اسمبلی صوبوں سے متعلق اپنا فیصلہ قرارداد کے ذریعے دے چکی ہے، ایم کیو ایم کے پاس اکثریت ہوتی تو بلدیاتی انتخابات سے فرار نہ ہوتی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم والے جب مینڈیٹ کی بات کرتے ہیں تو لوگوں کو ہنسی آجاتی ہے، ان کی اصلی اکثریت کا سب کو علم ہے۔