انا للہ و انا الیہ راجعون ،سابق نائب امیرجماعت اسلامی انتقال کر گئے

جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے شدید علالت کے باعث صاحبِ فراش تھے۔

حافظ محمد ادریس کے انتقال پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی حافظ محمد ادریس کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

حافظ محمد ادریس کا شمار جماعت اسلامی پاکستان کی ان قدآور اور جید شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنی پوری زندگی سیاسی جدوجہد اور نظریاتی بیداری کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

وہ طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے اہم عہدے پر فائز رہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی قیم (سیکرٹری جنرل) اور پنجاب کے امیر سمیت جماعت اسلامی میں مختلف کلیدی انتظامی ذمہ داریاں بھی نہایت احسن طریقے سے سرانجام دیں۔