پی ٹی آئی والوں کو اسلام آباد آنے نہیں دینگے، عطا تارڑ

کوہاٹ: وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کبھی پرامن احتجاج نہیں کرتی، پرامن لوگ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے، انہیں اسلام آباد آنے نہیں دیں گے۔

کوہاٹ میں ورکرز سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کی فضا سوگوار ہے، دھرتی کے بہادر جوانوں نے ملکی دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ سی ایم ایچ کوہاٹ میں زیر علاج زخمی جوانوں کا جذبہ دیدنی ہے، فوج اور پولیس کے جوانوں اور افسران نے بہادری سے آپریشن میں حصہ لیا۔ ہم سب مل کر دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے دم لیں گے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کر رہے ہیں۔ شہید فہیم کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹے کی شہادت قابل فخر لمحہ ہے۔ دہشت گرد اس قوم کے جذبے کو کم نہیں کرسکتے، دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوہاٹ واقعہ کے وقت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کہاں تھے؟ وزیراعلیٰ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے لاہور کی سڑکوں پر موجود تھے، ان کے پاس انتشار کی سیاست کا وقت ہے، اپنے صوبے کے عوام کے لیے وقت نہیں۔ سہیل آفریدی نے 15 منٹ ہیلی کاپٹر پر چکر لگایا اور چلے گئے۔ تعلیم، صحت اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آپ نے کیا کیا ہے؟

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت صرف سوشل میڈیا پر پوسٹیں لگانا جانتی ہے۔ صوبے میں پولیس کی سہولت کے لیے فرانزک لیب تک موجود نہیں، من پسند لوگوں کو ٹھیکے دے کر پیسے وصول کیے جاتے ہیں اور صوبے میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد کو بند کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی، مسلح جتھوں کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا۔ پی ٹی آئی والے کبھی پرامن نہیں رہے، پرامن احتجاج ان لوگوں کی روایت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرامن لوگ گھروں سے کیل لگے ڈنڈے لے کر نہیں نکلتے۔ پی ٹی آئی والوں سے حساب لیا جائے گا، فنڈز کے بہانوں کے پیچھے انہیں چھپنے نہیں دیں گے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوہاٹ میں ٹنل اور موٹروے جیسے منصوبے محمد نواز شریف نے بنائے۔ خیبر پختونخوا میں جنگلات کاٹے جا رہے ہیں، جعلی سگریٹس کی فیکٹریاں پکڑی گئی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں گولڈ مائننگ کے ٹھیکے کن لوگوں کو دیے گئے؟ صوبے کا ترقیاتی فنڈ کہاں خرچ ہو رہا ہے، کسی کو معلوم نہیں۔

قبل ازیں انہوں نے سی ایم ایچ کوہاٹ کا دورہ کیا، کوہاٹ واقعہ میں زخمی افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی اور وزیراعظم کی جانب سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔

زخمیوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو دہشت گردی کے واقعہ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ زخمیوں نے عیادت کے لیے آنے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سے اظہار تشکر کیا۔

وفاقی وزیر نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، ایمان اور عقیدہ نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہشت گرد بزدل لوگ ہیں، آپ نے جس بہادری سے مقابلہ کیا وہ لائق تحسین ہے۔