پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے ایک بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے ہی بیان کے ذریعے اپنا مذاق بنوا لیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی۔
خواجہ آصف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ”مرکزی یہودی روایت کے مطابق کسی بھی انسان کی یہودی شناخت اس کی ماں کے نسب سے طے ہوتی ہے۔“
انہوں نے لکھا کہ ”اگر آپ کی ماں یہودی ہے تو آپ بھی یہودی ہیں، چاہے آپ کے والد کا مذہب کچھ بھی ہو۔“
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ”یہودی روایت میں مادری نسب ایک حیاتیاتی حقیقت ہے، جبکہ پدری نسب محض ایک امکان ہوتا ہے۔“
اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جمائما گولڈ اسمتھ نے تسلیم کیا کہ ”خواجہ آصف کا یہ نقطہ بالکل درست ہے، لیکن اسی اصول کی رو سے خود یہودی کمیونٹی انہیں یعنی جمائما کو بھی یہودی تسلیم نہیں کرتی۔“
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ”میری والدہ چرچ آف انگلینڈ کی رکن اور پروٹسٹنٹ تھیں اور میرے والد بھی یہودی نہیں تھے۔“
جمائما گولڈ اسمتھ نے مزید کہا کہ ”ہمیشہ کی طرح میرے بیٹوں کو نیچا دکھانے کی کوشش میں پاکستان کے وزیر دفاع نے خود ہی اپنا مذاق بنوا لیا ہے۔“






