کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے بطور آئی جی اسلام آباد اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر پولیس افسران اور جوانوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
آئی جی اسلام آباد کی آمد پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں انہوں نے پولیس افسران سے تعارفی ملاقاتیں کیں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے سنٹرل پولیس آفس کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دے کر پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہر میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور جرائم کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات میں بھی مزید بہتری لائی جائے گی۔
کیپٹن محمد سہیل چوہدری نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے پولیسنگ کے نظام کو بہتر کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس میں احتساب اور نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور فورس کے پیشہ ورانہ معیار کو بلند کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پولیس شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے پوری ذمہ داری سے فرائض انجام دیے جائیں گے۔






