ہفتے میں 4 دن کام، 3 دن چھٹی؟ اہم خبر آ گئی

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں اور قومی اخراجات میں کمی کے لیے سرکاری و نجی شعبے میں ہفتے کے چار روز کام اور تین روز تعطیل کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی سطح پر زیر غور تجویز کا اطلاق ملک بھر کے سرکاری و نجی دفاتر، اسکولوں، کالجوں اور جامعات پر کیے جانے کی تجویز ہے۔ مجوزہ نظام کے تحت ہفتے کے تین روز ادارے مکمل طور پر بند رکھنے پر غور کیا جارہا ہے۔

اس اقدام کا مقصد ایندھن، بجلی اور انتظامی اخراجات میں کمی کے ذریعے قومی وسائل کی بچت کرنا ہے۔ حکام کی جانب سے متعلقہ محکموں کو نئے شیڈول کی تیاری اور اس کے لیے ضابطہ کار وضع کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

مجوزہ نظام کے تحت بعض ملازمین کو دفتری امور انجام دینے کے لیے بلایا جائے گا، جبکہ دیگر عملے کو ورک فرام ہوم کی سہولت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ حاضری اور کام کے حتمی طریقہ کار کا تعین سرکاری نوٹیفکیشن کے اجرا کے بعد کیا جائے گا۔

تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی سرکاری فیصلہ سامنے نہیں آیا اور نہ ہی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع کی رپورٹس کے مطابق حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ممکنہ قلت کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہی ہے۔