پاکستان کی سعودی عرب میں پائپ لائن پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت

پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن پر کیے جانے والے ڈرون حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ ڈرون حملے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے اس کڑے وقت میں سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔