حیدرآباد (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دہشتگردی سے متعلق متنازع بیان پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے معافی کا مطالبہ کردیا۔
حیدرآباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک جعلی وزیراعلیٰ نے بیان دیا ہے کہ مجھے بھارت سے نہیں بلکہ تین صوبوں سے خطرہ ہے۔ جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والے ہی ایسی حرکتیں کرتے ہیں، جس نے یہ بیان دیا ہے اسے معافی مانگنی چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تقدیر بدلنے کا دن ہے، سب نے پاکستان اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشتگردی کو صوبے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کو پڑوسی ملک سے نہیں بلکہ دیگر صوبوں سے آنے والی دہشتگردی سے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ صوبے کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔






