پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

ای پاسپورٹ کے حصول کے خواہشمند شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی۔ ترجمان کے مطابق 7 ستمبر سے نادرا کے تمام سینٹرز پر ای پاسپورٹ بنوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔

کراچی سمیت پاکستان بھر کے نادرا سینٹرز سے شہری ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کرا سکیں گے۔ تاہم نئے ای پاسپورٹ کا اجرا، تبدیلی اور نئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجرا پاسپورٹ دفاتر سے ہی ہوگا۔

نادرا دفاتر میں موجود پاسپورٹ کاؤنٹرز کا بتدریج خاتمہ کیا جائے گا اور عملہ واپس بلایا جائے گا۔ نادرا سینٹرز پر یہ سہولت محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان معاہدے کے تحت فراہم کی جائے گی۔

جدید ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی، جس میں حامل کا بائیومیٹرک اور ذاتی ڈیٹا محفوظ ہوگا، جبکہ یہ بین الاقوامی ادارہ برائے شہری ہوا بازی کے معیار کے مطابق ہوگا۔

ای پاسپورٹ میں این ایف سی چِپ، لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سیکیورٹی فیچرز شامل ہوں گے، جس سے ہوائی اڈوں پر شناخت اور تصدیق کا عمل مزید محفوظ اور تیز ہوجائے گا۔

ای پاسپورٹ کے فوائد

دنیا کے 150 سے زیادہ ممالک پہلے ہی ای پاسپورٹ استعمال کر رہے ہیں۔ کئی ممالک مؤثر اور بہتر سرحدی حفاظت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر ای پاسپورٹ پر منتقل ہوچکے ہیں۔

پاکستانی ای پاسپورٹ رکھنے والے دنیا بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر ای گیٹ کی سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

اس سے نہ صرف موجودہ مینوئل سسٹم میں موجود تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پاکستانی درخواست دہندگان کو آن لائن درخواستوں پر آسانی سے کارروائی کرنے میں بھی سہولت ہوگی۔

اس حوالے سے تمام معلومات ڈی جی آئی اینڈ پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

چونکہ ای پاسپورٹ میں مختلف قسم کے سیکیورٹی چیکس موجود ہیں، لہٰذا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اس کے فوائد فراہم ہونے سے ملک کو بھی فائدہ ہوگا۔