پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے گریڈ 17 سے 20 تک کے افسران کے لیے مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کرکے اس کے عوض ماہانہ نقد ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔
پیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مفت بجلی یونٹس کی مونیٹائزیشن کی منظوری دیتے ہوئے مختلف گریڈز کے لیے ماہانہ ادائیگی کے نرخ بھی مقرر کیے ہیں۔
فیصلے کے مطابق گریڈ 17 کے افسران کو 450 مفت بجلی یونٹس کے عوض ماہانہ 15 ہزار 858 روپے، گریڈ 18 کے افسران کو 600 یونٹس کے عوض 21 ہزار 996 روپے ادا کیے جائیں گے۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسران کو 880 یونٹس کے عوض ماہانہ 37 ہزار 954 روپے جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو 1100 یونٹس کے عوض 46 ہزار 992 روپے دیے جائیں گے۔
پیسکو کے مطابق مونیٹائزیشن کا اطلاق متعلقہ شرائط و ضوابط کے تحت ہوگا، جبکہ اس پر عملدرآمد وفاقی پاور ڈویژن کے احکامات کے مطابق کیا جائے گا۔






