انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی عبوری ضمانت میں 6 اکتوبر تک توسیع کردی۔
مسلم لیگ ن کے دفتر کو جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر نذر آتش کرنے سمیت 9 مئی کے چھ مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کی۔
سماعت کے دوران سابق وفاقی وزرا اسد عمر اور فواد چوہدری، سینیٹر اعظم خان سواتی، مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم سمیت دیگر ملزمان نے بھی عبوری ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔ جے آئی ٹی کے تفتیشی افسران کی جانب سے تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی جاچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر ملزمان کو مقدمات میں قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ اعظم خان سواتی، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ، حافظ فرحت عباس، بلال اعجاز، رائے حسن نواز، علی امتیاز وڑائچ، محمد احمد چٹھہ، محمد اشرف سوہنا اور رائے مرتضیٰ اقبال سمیت دیگر ملزمان نے بھی عبوری ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا سے عبوری ضمانتوں کے معاملے پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔






