پیٹرول چوری کے دوران 37 افراد مارے گئے

نائیجیریا کی تیل پیدا کرنے والی ریاست ریورز میں پائپ لائن سے مبینہ طور پر پیٹرول چوری کرنے کی کوشش کے دوران زہریلی گیس کے اخراج سے 37 افراد ہلاک جبکہ کئی افراد لاپتہ ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق 100 سے زائد افراد رات کے اندھیرے میں چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اوکریکا کے علاقے اوکاری جیٹی پہنچے تھے، جہاں وہ پائپ لائن سے نکلنے والا ریفائنڈ پیٹرول جمع کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اس دوران زہریلی گیس اور دھوئیں کے اخراج کے باعث متعدد افراد بے ہوش ہوگئے، جبکہ جان بچانے کی کوشش میں کئی افراد دریا میں جا گرے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور لاپتہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

نائیجیریا میں پائپ لائنوں سے تیل چوری کا مسئلہ کئی دہائیوں سے موجود ہے۔ جرائم پیشہ گروہ پائپ لائنوں میں سوراخ کرکے خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات نکالتے ہیں، جنہیں کشتیوں یا ٹینکروں کے ذریعے منتقل کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے یا غیر قانونی ریفائنریوں تک پہنچایا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیاں نہ صرف ملک کی تیل کی صنعت کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ آتش زدگی، زہریلی گیس کے اخراج اور دیگر خطرناک حادثات کا سبب بھی بنتی ہیں۔