پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے تھانہ پھندو کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران نورے گینگ سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب اور اشتہاری ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان اخون بابا قبرستان کے علاقے میں کسی سنگین واردات کی منصوبہ بندی کے لیے مسلح حالت میں موجود تھے۔ پولیس پارٹی نے علاقے میں کارروائی کی تو ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت گراں ولی ولد شیر علی اور علی خان عرف شینا ولد دواں جان، دونوں ساکنان افغانستان، جبکہ ذبیح اللہ ولد قدیم خان، سکنہ مہمند بیری باغ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان نورے گینگ کے رکن تھے اور گزشتہ سال جمیل چوک میں ایک گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد کے قتل کے مقدمے میں انتہائی مطلوب تھے۔ ملزمان پھندو روڈ پر درج ایک اور قتل کے مقدمے میں بھی اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور دو پستول برآمد ہوئے ہیں۔ ملزمان کا مزید مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔






