پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ ممکنہ ڈیل کے حوالے سے اہم دعویٰ کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں رمیش کمار نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ڈیل کے لیے ایک ریٹائرڈ شخصیت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق عمران خان سے چار سے پانچ ملاقاتیں ہوچکی ہیں، جبکہ 14 اگست کو باقاعدہ کیک بھی کاٹا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریلیف کا عمل شروع ہوچکا ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔
رمیش کمار کا کہنا تھا کہ ایک نیا سیاسی ماڈل تشکیل پانے جا رہا ہے، جس پر 15 ستمبر سے 15 نومبر کے درمیان عملدرآمد متوقع ہے۔ ان کے بقول اس نئے نظام میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام اہم فریقین آن بورڈ ہیں۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ جو بھی اس نئے ماڈل کی راہ میں رکاوٹ بنے گا، اسے سسٹم سے باہر کردیا جائے گا۔ رمیش کمار کے مطابق اگر ن لیگ نے اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی یا کوئی غلطی کی تو نیا سیٹ اپ بھی تشکیل دیا جاسکتا ہے۔






