پنشنرز کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت بزرگ پنشنرز اب پروف آف لائف یعنی تصدیقِ حیات کا سرٹیفکیٹ مفت حاصل کر سکیں گے۔
نادرا نے پنشن کے اہل ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پنشنرز نادرا دفتر جائے بغیر پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی گھر بیٹھے اپنی تصدیقِ حیات کرا سکیں گے۔
جو پنشنرز خود موبائل ایپ استعمال نہیں کر سکتے، ان کے اہل خانہ بھی مقررہ شناختی تصدیق کے عمل کے بعد یہ سہولت حاصل کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں 5 ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز، 988 سے زائد نادرا مراکز اور 500 سے زائد یونین کونسلز سے بھی پروف آف لائف مفت حاصل کیا جا سکے گا۔
بزرگ، صاحبِ فراش اور کم نقل و حرکت والے افراد کے لیے نادرا کی موبائل سروسز بھی دستیاب ہوں گی، جس سے پنشنرز کے لیے تصدیقِ حیات کا عمل مزید آسان اور سہل ہو جائے گا۔






