لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بالنگ کوچ عمر گل کو عہدوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سونپی جائے گی، جبکہ وائٹ بال ٹیم کے بالنگ کوچ ایشلے نوفکے بھی ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
سرفراز احمد اور عمر گل دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے، تاہم کوچنگ اسٹاف سے متعلق حتمی فیصلہ نئی مینجمنٹ کرے گی۔
دوسری جانب انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ میں بھی بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم مینجمنٹ کے اجلاس میں وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور امام الحق کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امام الحق کی پنڈلی کی انجری کا لاہور میں دوبارہ معائنہ کیا جائے گا، جبکہ صائم ایوب اور عرفات منہاس کی اسکواڈ میں شمولیت متوقع ہے۔ فاسٹ بولرز رضا اللہ اور عمران جونیئر کو بھی انگلینڈ طلب کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مانچسٹر ٹیسٹ میں غازی غوری کے بطور وکٹ کیپر کھیلنے کا امکان ہے، جبکہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ میں حتمی تبدیلیوں کا اعلان پی سی بی کی جانب سے جلد کیے جانے کی توقع ہے۔






