پاکستان کی بڑی کامیابی ،عالمی عدالت کا بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا حکم

پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی بھارت کی جانب سے معطلی کے معاملے میں اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔ دی ہیگ میں قائم مستقل عدالتِ ثالثی نے بھارت کو پن بجلی منصوبوں پر معاہدے کے مطابق عمل کرنے اور سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کی ہدایت کی ہے۔

عدالتِ ثالثی کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذ العمل ہے، جبکہ بھارت کے پاس اسے یکطرفہ طور پر ختم یا معطل کرنے کا کوئی جواز موجود نہیں تھا۔

عدالت نے مزید کہا کہ عالمی بینک کی جانب سے مقرر کیا گیا غیر جانبدار ماہر جولائی 2027 تک یہ فیصلہ کرے گا کہ ہمالیائی خطے میں زیرِ تعمیر پن بجلی منصوبے سندھ طاس معاہدے کی شرائط سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔