نواز شریف نے وزیراعظم آزادکشمیر کو 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ سونپ دیا

نواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کے ساتھ ملاقات میں خطے کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ شیئر کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور اسپیکر آزاد کشمیر طارق فاروق بھی موجود تھے۔ اس دوران آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے اور انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دی جائے۔ انہوں نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کی پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔