جماعت اسلامی اب کیا کرنے والی ہے؟ اگلے لائحہ عمل کا اعلان

پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاج کے دوران امیر جماعت اسلامی نے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا۔

پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی جاری ملک گیر تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان ہو گیا ہے۔

 

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اگلے اور سخت لائحہ عمل کا اعلان کیا۔

 

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے میں اب ملک کے تمام اضلاع میں احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔

 

حافظ نعیم الرحمان نے 13 ربیع الاول جمعرات کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہڑتال کے بعد اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی ہوگا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ مافیاز نے پہلے چینی درآمد کر کے کھایا اور اب وہ برآمد کر کے کھائیں گے۔ گزشتہ ایک سال میں 62 فیصد آٹے کی قیمت بڑھی۔

 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت سے دھرنا ختم کرنے پر بات نہیں ہوگی بلکہ اس پر بات ہو گی کہ لیوی کا یہ بھتہ ٹیکس کیسے ختم کیا جائے۔