ایشین کرکٹ کونسل (اے سی) کے بینکاک میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان کے حمایت یافتہ ڈائریکٹرز کے پینل نے تینوں نشستیں جیت لیں، جبکہ پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔
اتوار کے روز ایشین کرکٹ کونسل کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران بینکاک میں اے سی سی بورڈ کی تین ڈائریکٹر نشستوں کے لیے انتخابات ہوئے، جن میں پاکستان کے حمایت یافتہ امیدواروں نے تمام نشستیں حاصل کر لیں۔
ذرائع کے مطابق اے سی سی چیئرمین محسن نقوی کی قیادت میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے اور تینوں امیدوار کامیاب ہو گئے۔ بھارت کی جانب سے اجلاس میں راجیو شکلا نے نمائندگی کی، جبکہ بھارتی حمایت یافتہ پینل کو پاکستان کے حمایت یافتہ امیدواروں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اے سی کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے ڈائریکٹرز کی تینوں نشستیں اپنے نام کی ہیں۔
اے سی سی کی سالانہ میٹنگ میں دیگر اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں اگلے سال بنگلادیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا جائزہ بھی شامل تھا۔ ایشیا کپ کے لیے سلہٹ، میرپور اور چٹوگرام کو ممکنہ وینیوز کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔
دوسری جانب رواں سال ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ 2026 میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی، جنہیں 4،4 ٹیموں کے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 28 اگست کو تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ سے ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچز، بشمول 13 ستمبر کو ہونے والا فائنل، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔






