کون ہیں جو رات کو بانی پی ٹی آئی کو غلط اسپتال لے کر گئے؟ بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سوال کیا کہ کون ہیں جو رات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو غلط اسپتال لے کر گئے؟ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنا مشکل ہے تو جمہوریت ایسے نہیں چلا کرتی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم واضح تھا، اس کے باوجود جو کچھ ہوا اس کی توقع نہیں تھی، بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں رکھنا اور طبی ٹیسٹ کرانا قانون کے مطابق تھا اور عدالتی حکم کے مطابق ایسا ہونا لازم تھا، تاہم توقع نہیں تھی بانی پی ٹی آئی کو کسی اور اسپتال میں منتقل کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک واضح فیصلہ دیا تھا اور حکومت سے کہا گیا تھا کہ نظرثانی کی درخواست ختم کریں، اگر عدالتی حکم میں کوئی ابہام تھا تو اس پر نظرثانی کی درخواست دائر کی جاسکتی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال میں صرف ایک رات گزارنے کی اجازت بھی ممکن نہیں بنائی گئی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کون ہیں جو رات کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو غلط اسپتال لے کر گئے؟ اتنے بڑے سیاسی رہنما کو مناسب اسپیس نہیں دی جارہی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کو بھی ہدایت کی تھی کہ اسپتال میں کوئی ویڈیو نہ بنائی جائے، کیونکہ پارٹی بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست نہیں کرنا چاہتی۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا دنیا مانتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی مقبول ترین سیاسی رہنماؤں میں شامل ہیں اور انہیں سیاسی بنیادوں پر جیل میں رکھا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک کو جمہوری انداز میں چلانے کے لیے عدالتی احکامات پر عملدرآمد ضروری ہے، اگر سپریم کورٹ کے ایک حکم پر عمل کرنا مشکل بنا دیا جائے تو جمہوریت اس طرح نہیں چل سکتی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بیرونی سطح پر کسی بھی معاملے میں پی ٹی آئی ریاست کے ساتھ کھڑی ہوگی لیکن بڑی بدقسمتی ہے، جو کچھ ہوا اس کی توقع نہیں تھی۔