بھارتی سرپرستی میں پاکستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

49 دہشتگردوں اور خوارج کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کی بہادری اور عزم کو سلام پیش کرتے ہیں، مراد علی شاہ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے دہشتگردی کے نیٹ ورک کا خاتمہ سیکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔

پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ارضِ پاک کا دفاع کیا، دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری سندھ حکومت اور صوبے کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارتی سرپرستی میں پاکستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔