حیدرآباد میں چپ تعزیہ اور عید میلاد النبی ﷺ کے پیش نظر 8 سے 12 ربیع الاول تک ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن کی درخواست پر نوٹیفکیشن جاری کیا۔
دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ اشتعال انگیز آڈیو، ویڈیو اور قابل اعتراض مواد کی نمائش و تقسیم، اشتعال انگیز تقاریر، نعرے بازی اور فرقہ وارانہ منافرت یا بدامنی پھیلانے والے بیانات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
خواتین، بچوں، بزرگ شہریوں، وردی میں موجود قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور مستند پریس کارڈ رکھنے والے صحافیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ چپ تعزیہ اور عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات میں شامل منتظمین اور شرکاء کو شناخت کے بعد چھوٹ دی جائے گی۔
دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ متعلقہ تھانوں کے انسپکٹر اور اس سے اعلیٰ رینک کے افسران کو مقدمات درج کرنے کا اختیار ہوگا۔






